24 اپریل 2015 - 13:02
پاکستان نے ایک بار پھر سعودی عرب کو دیا حمایت کا وعدہ

پاکستانی قیادت نے ایک مرتبہ پھر سعودی قیادت کو یقین دہانی کرائی کہ سعودی عرب کی خودمختاری اور جغرافیائی سرحدوں کا تحفظ پاکستان کی پالیسی کا اہم جزو ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ڈاون نیوز کے مطابق پاکستانی قیادت نے ایک مرتبہ پھر سعودی قیادت کو یقین دہانی کرائی کہ سعودی عرب کی خودمختاری اور جغرافیائی سرحدوں کا تحفظ پاکستان کی پالیسی کا اہم جزو ہے۔
وزیراعظم نواز شریف کے ایک روزہ دورہ سعودی عرب کے بعد دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے سعودیہ کو یقین دلایا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش میں خاموش نہیں رہ سکتا۔
وزیراعظم نواز شریف نے جمعرات کو ریاض میں سعودی فرمانروا شاہ سلیمان بن عبد العزیز سمیت ولی عہد مقرن بن عبدالعزیز، وزیر دفاع پرنس محمد بن سلمان السعود، وزیر داخلہ نائب ولی عہد نائف السعود اور وزیرخارجہ سعود الفیصل سمیت اعلیٰ سعودی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔

اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی جغرافیائی سرحدوں کو خطرہ لاحق ہوا تو پاکستان بھرپور ردعمل کا اظہار کرے گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے سعودی عرب کو اس بات کا یقین دلایا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں دہشت گری کا خاتمہ صرف سعودی اتحادی افواج کی نہیں بلکہ پوری عالمی برادری کی ذمہ داری ہے۔
وزیراعظم نواز شریف نے مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے بڑھتے ہوئے خطرات پر اپنی تشویش سے سعودی قیادت کو آگاہ کیا اور کہا کہ 'اس بات کی ضرورت ہے کہ دہشت گردوں کے ہاتھوں خطہ مزید عدم استحکام کا شکار نہ ہو'۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے ریاض میں یمن کے صدر منصورالہادی سے بھی ملاقات کی۔
دفترخارجہ کے مطابق پاکستان نے حوثی باغیوں کی جانب سے یمن کی منتخب حکومت کو برطرف کرنے کی شدید مذمت کی اور حوثیوں کو ملنے والی غیر ملکی حمایت اورامداد پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲